کولکاتا: اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ اور سماج وادی کے سربراہ اکھلیش یادو ان دنوں مغربی بنگال کے دورے پر ہیں۔وہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی سے ملاقات کریں گے۔ قیاس آرائی ہے کہ 2024 عام انتخابات کو لے کر اکھلیش یادو اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی کے درمیان تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کولکاتا پہنچنے کے بعد کہاکہ مرکزی حکومت ڈوبتی معیشت کو بچانے کے بجائے اپوزیشن کے پیچھے پڑی ہے۔مرکزی حکومت جانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے اسے اس کا خمیازہ 2024 کے عام انتخابات میں بھگتنا پڑے گا۔
اکھیلش یادو نے کہاکہ ملک میں اس وقت جو کچھ بھی ہو رہا ہے۔ اس کے لئے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت ذمہ دار ہے۔مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسی کا ملکی معیشت پر برا اثر پڑ رہا ہے۔اس کے لئے کوئی اور نہیں بلکہ بی جے پی ذمہ دار ہے۔ کولکاتا ائرپورٹ پر نامہ نگاروں کے سوالوں پر اکھلیش یادو نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی آئین مخالف کاموں میں انجام دینے میں مصروف ہے۔مرکزی حکومت نے کبھی کسانوں کے مسائل کے حل،اقلیتیوں کے خلاف تشدد اور معیشت کو سنبھالنے کے لئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی حکومت تمام محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے جانچ ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماوں کو پریشان کر رہی ہے ۔مغربی بنگال سے زیادہ اترپردیش کے رہنما اس وقت جیل میں ہیں۔