اگرتلہ:تریپورہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریاں زور شور سے جاری ہے۔حکمراں جماعت بی جے پی انتخابات سے قبل نئے اتحاد کی تلاش میں مصروف ہے۔قابل ذکر ہے کہ ٹپرا موتھا کے رہنماوں کو بدھ کو وزارت داخلہ کے ساتھ میٹنگ کے لئے مدعو کیا گیا تھا تاکہ گریٹر ٹپرا لینڈ مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ موتھا کے سپریمو پردیوت کشور دیو ورمن 16 فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ٹپرا کے ساتھ اتحاد کرنے والی پارٹیوں سے اپنی مانگ کے لئے تحریری وعدے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، کسی بھی فریق نے تریپورہ کے موجودہ علاقے سے الگ، گریٹر ٹپرالینڈ کے مطالبے کی حمایت کرنے پر اتفاق نہیں کیا۔ بدھ کو وزارت داخلہ نے گریٹر ٹپرالینڈ پر بات چیت کے لئے پانچ رکنی وفد کو دہلی مدعو کیا تھا۔ موتھا کے صدر بیجوئے ہرنگکھل نے کہا کہ انہیں ایک مسودہ پیش کیا گیا تھا جس میں قبائلی آبادی کے فروغ کے لیے کچھ اقدامات کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا اور باضابطہ طور پر بات چیت کو آگے بڑھانے سے پہلے ان سے رائے طلب کی گئی تھی۔