کولکاتا:مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے لیڈران اور کارکنان دہلی کرشی بھون کا گھیرائوں کریں گے ۔لیکن انتظامی اجازت نہیں ملنے کی وجہ سے صرف ممبر پارلیمنٹ،ممبران اسمبلی ،ضلع صدر اور پنچایت سمیتی صدور کو دہلی میں احتجاجی پروگرام میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ 100کام اسکیم کی رقم اور دیگر مختلف اسکیموں کے فنڈ مرکزی حکومت سے نہیں مل رہی ہے ۔اسی کے خلاف دہلی میں ترنمول کانگریس احتجاج کررہی ہے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی اسپین کے دورے کے دوران ان کی ٹانگ میں چوٹ آئی ہے۔ وہ ہفتہ کی رات کلکتہ واپس آئی ہیں۔ اور اتوار کی دوپہر کو اپنی ٹانگ کا علاج کرانے ایس ایس کے ایم اسپتال گئیں۔ وہاں تقریباً تین گھنٹے تک ان کا علاج کیا گیا۔ اس کے بعد ڈاکٹروں نے وزیراعلیٰ کو 10 دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔ چلنے پھرنے پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ اس لیے دہلی میں ترنمول کے اعلان کردہ پروگرام میں ان کی شرکت غیر یقینی ہے۔ ترنمول کانگریس 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی پر راج گھاٹ پر دعائیہ مجلس اور اگلے دن دھرنا دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی پروگرام کی قیادت کرنے والے تھے۔ لیکن موجودہ حالات میں ترنمول قیادت کے ایک حصے کا خیال ہے کہ یہ پروگرام ابھیشیک کی قیادت میں ہی ہوگا۔