امفان طوفان اور لاک ڈاؤن میں ریلیف کی تقسیم میں ترنمول کانگریس کے رہنماؤں کے خلاف بدعنوانی کے الزامات عاید ہونے کے بعد پارٹی قیادت نے جنوبی اور شمالی بنگال کے 10رہنماوں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔
جن لوگوں کووجہ بتاؤ نوٹس دیا گیا ہے ان میں مشرقی بردوان کے آسنسول اوردرگا پور کے رہنماؤں کے علاوہ شمالی بنگال کے جلپائی گوڑی کے دھوپ گوڑی میونسپلٹی کے ارکان شامل ہیں۔
ان لوگوں نے طوفان میں گھر کی مرمت کے نام پر لوگوں سے رقم حاصل کی جب کہ ان کے مکانات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔گزشتہ ہفتے دے کنگا میں مقامی لوگوں نے بدعنوانی اور امدادی رقم کی تقسیم میں اقربا پروری کے خلاف ہائی وے جام کردیا تھا اور سرکاری املاک و گاڑی میں توڑ پھوڑ کی تھی۔پولس نے اس معاملے میں 15افراد کوگرفتار بھی کیا تھا۔
ترنمول کانگریس جلپائی گوڑی یوننٹ کے صدر کرشنا کمار کلیانی نے کہا کہ مغربی بنگال کے مغربی بردوان کے دو کاؤنسلر بدعنوانی میں ملوث پائے گئے ہیں اور اسی طرح دھوبرمیں بھی کچھ پارٹی رہنما اقتدار کا غلط استعمال اور پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی یہ کارروائی لوگوں کے آنکھ میں بالو جھونکنے کے مترادف ہے۔بدعنوانی میں ملوث رہنماوں کے خلاف پولس میں ایف آئی آر درج کرائی جائے۔پارٹی اپنے طور پر جانچ کیوں کررہی ہے۔رکن پارلیمان ارجن سنگھ نے کل گورنر جگدیپ دھنکر سے ملاقات کرکے کہا تھا کہ بی جے پی ورکروں کے ساتھ مارپیٹ کی جارہی ہے اور انہیں ریلیف نہیں دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی 24پرگنہ کے سندیش کھالی علاقے سے یہ شکایتیں بڑے پیمانے پر آئی ہیں۔