مشرقی ،مدنی پور: مغربی بنگال کے مشرقی مدنا پور کی ضلع پولیس نے گزشتہ رو موئنا میں بی جے پی کے رہنما کے قتل کے الزام میں ترنمول کانگریس ایک رہنما کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار شخص کا نام ملن بھومک ہے۔ وہ بکا میں مبینہ طور پر ترنمول کانگریس پنچایت سمیتی کا رکن ہے۔ بھو مک کو کل رات اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ قتل میں ملوث دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ اس معاملے میں 34 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
دریں اثنا کولکاتا ہائی کورٹ نے وجے کرشن بھوئیا کی لاش کا دوسرا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا۔ جج راج شیکھر منتھا نے پوسٹ مارٹم شہر کے فوجی ہسپتال میں کرانے کی ہدایت کی۔ بی جے پی نے اس قتل کے خلاف کل موئنا میں 12 گھنٹے کے بند کی اپیل کی تھی۔ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شبھندو ادھیکاری نے اس معاملے کی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔موئنا میں کل بند کے دوران مظاہرین نے زبردستی سڑکیں بلاک کرکے بند کی حمایت کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہلکا لاٹھی چارج بھی کیا۔