مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے مد نظر سیاست تیز ہوتی جا رہی ہے۔ ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسی اثناء میں آج شمالی بنگال کی تین اہم شخصیات نے ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔
بتایا جا رہا ہے کہ شمالی بنگال پر اس بار ترنمول کانگریس کی خاص توجہ ہے کیوں کہ سنہ 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں ترنمول کانگریس کو سب سے زیادہ نقصان یہیں سے ہوا تھا۔ شمالی بنگال کے دارجلنگ سے تعلق رکھنے والی معروف قبائیلی رہنما جیوتی ترکے، شمالی بنگال سے ہی تعلق رکھنے والے ٹریڈ یونین لیڈر آلوک چکرورتی اور مانب جیسوال جو ایک تاجر ہیں اور سابق کانگریسی رہنما کے صاحبزادے ہیں، نے ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری پارتھو چٹرجی کے ہاتھوں ترنمول کانگریس کا پرچم تھام کر پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔