کولکاتا:سمیر الاسلام 2021کے اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی کو ووٹ نہیں کی مہم چلائی تھی ۔اس سے قبل وہ لاک ڈائون سے متاثر افراد کی بازآبادکاری مہم سے وابستہ تھے۔ اس کے علاوہ سمیر الاسلام دینا بندو انڈریوز کالج میں کیمسٹری کے استاذ ہیں۔ سمیرالاسلام کی پیدائش 1987 میں بیر بھوم کے رام پورہاٹ سے کافی دور دونیگرام میں ہوئی تھی۔ یہ علاقہ حسن اسمبلی کے تحت واقع ہے۔انہوں نے دونیگرام ہائی سکول میں تعلیم حاصل کی۔ سیکنڈری اسکول کے بعد انہیں رامپورہاٹ ہائی اسکول میں داخل کرایا گیا۔ وہیں سے ہائر سیکنڈری پاس کیا۔ اس کے بعد سمیرالاسلام کلکتہ آگئے۔ مانیندرا کالج سے کیمسٹری میں گریجویشن کیا۔ پھر آئی آئی ٹی دہلی سے پوسٹ گریجویشن کیا۔ سمیرالاسلام کی بیوی وکیل ہیں۔ تاہم وہ ذاتی معاملات پر بات کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے۔
انہوں نے اپنے والد سے متعلق کہا کہ وہ کسان تھے۔ چند سال قبل ان کا انتقال ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک معمولی کسان کا بیٹا ہوں۔ سمیرالاسلام کی ماں اب دونیگرام کے گھر میں رہتی ہے اور وہ بیمار ہیں۔ سمیرالاسلام نے بتایا کہ ترنمول کانگریس کی قیادت نے اتوار کی رات مجھ سے رابطہ کیا۔ میں نے ان سے کہا کہ مجھے اپنی مرکزی تنظیم بنگلہ سنسکرتی منچ سے بات کرنی ہے۔ ا ن کے ذریعہ اجازت ملنے کے بعد میں بھی امیدوار بننے کےلئےراضی ہوگیا۔وہ دوپہر کو اسمبلی پہنچے اور کاغذات نامزدگی پر دستخط کئے۔ لیکن اس سے پہلے وہ نہیں جانتے تھے کہ ترنمول کانگریس کے کون سے ممبران اسمبلی ان کے حامی اور حمایتی ہیں۔