کولکاتا: ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان سوگتا رائے نے کہا کہ کانگریس کے اندر پرینکا گاندھی کو وزارت عظمیٰ کی امیدوار بنانے کا مطالبہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران پرینکا کو لے کر کانگریس کے اندر قیاس آرائیاں عروج پر تھیں۔ رکن پارلیمان نے کہا کہ پرینکا گاندھی پارٹی کے لیے سرگرم انتخابی مہم چلاتے نظر آ رہی ہیں۔ یہ بات بھی سچ ہے کہ پرینکاگاندھی کی قیادت میں کانگریس کو ہماچل پردیش اور کرناٹک میں زبردست کامیابی ملی جب کہ اترپردیش میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ دو تین انتخابات کے نتائج کی بنیاد پر کوئی بڑا فیصلہ نہیں لیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک مرتبہ پھر کانگریس کے اندر انہیں (پرینکا گاندھی) وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اس بار بھی پارٹی کے ایک سینئر لیڈر آچاریہ پرمود نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کو پرینکا کو بی جے اور مودی کے خلاف اپنا چہرہ تسلیم کرنا چاہیے۔ تاہم ترنمول نے کانگریس کی اس تجویز کو عملی طور پر مسترد کر دیا۔ ساتھ ہی ترنمول کے سینئر ایم پی سوگت رائے نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کانگریس کا یہ بیان غیر ذمہ دارانہ ہے۔