کولکاتا: دبئی میں پھنسے ان ورکروں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے حالات کو بیان کیا تھا اور گھر واپسی میں مددکرنے کی اپیل کی تھی۔ ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سمیر الاسلام کو متحدہ عرب امارات میں پھنسے مغربی بنگال کے ورکروں سے متعلق معلوم ہوا۔ وہ پہلے بھی ریاست کے غیر مقیم مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے طویل عرصے سے کام کر رہے ہیں۔ اسی بنیاد پر ایم پی کو مختلف حلقوں سے ان کارکنوں کو گھر واپس لانے کی درخواست بھی موصول ہوئی۔
سمیرالاسلام اس وقت پارلیمنٹ کے اجلاس میں مصروف ہیں۔ وہاں سے انہوں نے مالدہ، رانا گھاٹ اور شمالی اور جنوبی دیناج پور انتظامیہ کے ساتھ تارکین وطن مزدوروں کو واپس لانے کے لیے بات چیت کی۔ اس کے ساتھ ہی وزارت خارجہ سے بھی انہوں نے رابطہ کرکےدبئی میں پھنسے مزدوروں کو واپس لانے میں مدد کرنے کی اپیل کی۔ مزدوروں کو واپس لانے کا کام دسمبر کے شروعات سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ سمیر الاسلام نے بتایا کہ پیر کو تین کارکنوں کی ملک واپسی ممکن ہوئی۔ عمر فاروق شیخ، صفی الشیخ اور ذاکر شیخ نامی تین کارکنوں کو واپس لایا گیا ہے۔ باقی 13 مہاجر کارکنوں کو 26 دسمبر کو ملک واپس لایا جائے گا۔