نئی دہلی: راجیہ سبھا میں منگل کو ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن کی معطلی کا اعلان کیا جاتا ہے لیکن بعد میں چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے کہا کہ انہیں معطل کرنے کی تحریک پر ووٹنگ نہیں کی گئی اس لیے وہ کارروائی میں شرکت جاری رکھ سکتے ہیں۔ چیئرمین نے قبل ازیں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر کو ایوان میں ان کے نامناسب طرز عمل کے لئے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جب ایوان کے لیڈر پیوش گوئل نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی تھی۔
پرمود تیواری (کانگریس) سمیت کئی ارکان نے چیئرمین پر زور دیا کہ وہ اوبرائن کے بارے میں نرم رویہ اختیار کریں۔ کانگریس کے پرمود تیواری نے کہا کہ چیئرمین کو بڑا دل دکھانا چاہئے اور اوبرائن کی معطلی واپس لینی چاہئے۔ کانگریس کے ہی مکل واسنک نے کہا کہ حالات کی وجہ سے او برائن مشتعل ہو گئے۔ ان کا مقصد چیئرمین کی توہین کرنا نہیں ہے۔ اسی پارٹی کے دگ وجے سنگھ نے بھی او برائن کے حق میں بات کی۔ کانگریس کے جے رام رمیش نے کہا کہ اوبرائن کا طرز عمل مناسب نہیں ہے۔ وہ ان کی طرف سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
قائد ایوان پیوش گوئل نے کہا کہ اوبرائن کا طرز عمل ضوابط کے مطابق نہیں تھا۔ انہوں نے چیئرمین کی توہین کرنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن اس تعطل سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنا ہوگا۔ وہ چیئرمین سے قائد ایوان کی حیثیت سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر او برائن کو اپنے طرز عمل پر افسوس ہے تو اسے قبول کرلینا چاہیے۔