کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے دھرمتلہ میں ترنمول چھاتر پریشد کے یوم تاسیس کے جلسے سے قبل وزیراعلیٰ ممتابنرجی کے بھتیجے اور رکن پارلیمان ابھیشیک بنرجی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت گھر گھر ترنگا مہم چلا رہی ہے لیکن وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے نے کھیل کے میدان میں قومی پرچم تھامنے سے انکار کردیا۔ TMC MP Abhishek Banerjee Slam BCCI Secretry Jay Shah on tiranga issue
جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر سے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان ابھیشیک بنرجی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ بھارت میں رہنے والے ہر شخص کو گھر گھر ترنگا لہرانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تمام لوگوں نے مرکزی حکومت کی ہدایت پر عمل بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی شہری اپنے ملک سے پیار کرتا ہے اسی وجہ سے انہوں نے اپنے اپنے گھروں پر ترنگا لہرایا اور اس کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی لیکن وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے نے عام بھارتیوں سے بالکل الگ ہٹ کر کام کیا۔
ابھیشیک بنرجی کا کہنا ہے کہ پورے ملک کو جے شاہ سے قومی پرچم نہ تھامنے پر سوال کرنا چاہئے کیونکہ ان کے والد نے پورے ملک کے لوگوں سے گھر گھر ترنگامہم میں حصہ لینے کی اپیل کی تھی ۔ان کے بیٹے نے قومی پرچم کیوں نہیں لیا۔ اس سوال کا جواب کون دے گا۔