مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے ایک ہفتہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ اس کے مدنظر تمام سیاسی جماعتوں کی ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی طرف متوجہ کرانے کی کوشش تیز ہو گئی ہے۔
حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جنوبی 24 پرگنہ کے مسلم اکثریتی علاقہ بادشاہ واجد علی شاہ کی نگری مٹیا برج میں بھی اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں انتہائی عروج پر پہنچ چکی ہے۔
مٹیا برج میں ترنمول کانگریس کے سنئیر رہنما اور امیدوار عبدالخالق ملا نے انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی۔
عبدالخالق ملا نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے جتنے بھی فیصلے لئے اس سے عوام کو زبردست نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے فیصلے سے عوام کو گھنٹوں بینکوں کے سامنے قطار میں رہنا پڑا۔ اس دوران کئی لوگوں کی جان گنوانی پڑی تھی۔
ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت این آر سی اور سی سی اے لے کر آئی۔ اس سے پورے ملک میں افراتفری مچ کا ماحول پیدا ہو گیا۔ اس درمیان بھی کئی لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑی اور لوگوں میں اب بھی خوف کا عالم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اچانک لاک ڈاؤن کے فیصلے نے ملک میں رہنے والے ہر عام و خاص کو پریشانیوں میں مبتلا کر دیا تھا۔ لاک ڈاؤن کا دور ملک کی عوام کے لئے بھیانک خواب جیسا تھا۔