اسلام پور:مغربی بنگال میں پنچیات انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سے ہی سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ گروہی تصادم کے واقعے میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ریاست کے بیشتر اضلاع میں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان تصادم کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز پنچایت انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران جنوبی 24 پرگنہ کے بھانگوڑ اور شمالی دیناج پور ضلع کے چوپڑا میں خونی جھڑپوں میں متعدد افراد کی موت ہو گئی۔اس واقعے کے بعد حکمراں ترنمول کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی درمیان سلام پور سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی اور سنئیر رہنما عبدالکریم چودھری نےکہاکہ چوپڑا میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران تشدد کے جو واقعے پیش آئے اس پر بے حد افسوس ہے۔انہوں نے ضلع پولیس سپرٹینڈنٹ سے اس معاملے میں ملوث شرپسندوں کی جلد سے جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ رکن اسمبلی اور سنئیر رہنما عبدالکریم چودھری نےکہاکہ چوپڑا میں جو کچھ بھی ہوا اس پر بے حد افسوس ہے ۔کسی کی جان چلی گئی اس سے زیادہ افسوس کی بات اور کیا ہو سکتی ہے لیکن انتخابات کے دوران تصادم کا واقعہ لفٹ فرنٹ کے زمانے سے چلا رہا ہے۔چوپڑا میں جو کچھ بھی ہوا اسی کا نتیجہ ہے۔