ریاست مغربی بنگال میں شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بشیرہاٹ سے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان نصرت جہاں نے کہا کہ چند لوگوں کی ہر معاملے پر سیاست کرنے کی عادت ہوتی ہے۔ اس پر کوئی کیا کر سکتا ہے۔
نصرت جہاں کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن جب گجرات کے برانڈ ایمبیسڈر بن سکتے ہیں تو شاہ رخ خان کو بنگال کے برانڈ ایمبیسڈر بنانے میں کیوں اعتراض کیا جارہا ہے۔
ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان نصرت جہاں انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان بالی ووڈ کے بادشاہ ہونے کے ساتھ ساتھ کولکاتا نائٹ رائڈرس کے مالک بھی ہیں۔ اسی وجہ سے بنگال میں ان کے مداحوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔
ترنمول کانگریس کی رہنما نے کہا کہ شاہ رخ خان بنگال کے اہم حصہ بن گئے ہیں۔ وہ بنگال کی ترقی کے لیے کام بھی کرتے ہیں۔ وزیر اعلی ممتابنرجی نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کو بنگال کا برانڈ ایمبیسڈر بنا کر بہت اچھا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی ممتابنرجی مغربی بنگال کی ترقی کے لیے جو فیصلہ کرتی ہیں اس میں انہیں کامیابی ملتی ہے، اس پر کسی کو اعتراض نہیں کرنا چاہئے۔
بشیرہاٹ سے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان نے کہا کہ سمترا چٹرجی بہت بڑے اداکار ہیں۔ انہیں اس کے لیے کئی اعزاز ملے مگر ان کا شاہ رخ خان سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مغربی بنگال میں بے روزگاری کا سوال ہے تو یہ بکواس ہے۔ بی جے پی کے چند رہنما مغربی بنگال میں بے روزگاری کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔