مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے جنوب میں واقع مسلم اکثریتی علاقہ ٹینگڑا میں بھیانک آتشزدگی کے واقعے میں درجنوں جھونپڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔
اس درمیان بستی میں آگ لگنے کے واقعے میں دو لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔ متاثر کنبوں کو میدان میں رات گزارنی پڑی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دیر شب بستی میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ اس سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
فائر بریگیڈ کے گیارہ انجنوں کی مدد سے تقریباً ساڑھے چھ گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔ اب بھی کہیں کہیں سے دھواں باہر نکل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
فائر بریگیڈ (دمکل) عملہ کے مطابق پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں چل سکی ہے۔ قیاس آرائی ہے کہ کھانا پکانے کے دوران کسی ایک جھونپڑی میں آگ لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری بستی اس کی زد میں آگئی۔
انہوں نے کہا کہ اس آتشزدگی کے واقعے میں دو لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ انہیں نزدیکی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں انہیں مرہم پٹی کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ اس واقعے میں 25 سے 30 جھونپڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں ہیں۔ کافی مالی نقصان ہوا ہے۔
دوسری طرف مقامی باشندوں نے فائر بریگیڈ پر تاخیر سے جائے وقوع پر پہنچنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں وقت پر پہنچتیں تو اتنا نقصان نہیں ہوتا۔