کولکاتا:مغربی بنگال اسمبلی میں سیشن کے آغاز میں بی جے پی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے کے بعد ترنمول کانگریس میں شامل ہونے والے ممبران اسمبلی کو بی جے پی ممبر اسمبلی بتانے پر بی جے پی نے احتجاج کیا ۔اس احتجاج کو اسپیکر نے ریکارڈ سے نکال دیا اور اور سلی گوڑی کے بی جے پی رکن اسمبلی شنکر گھوش کو متنبہ کیا۔ اس کے بعد بی جے پی ممبران اسمبلی ہائوس میں ہنگامہ آرائی کرنے لگے ۔اپوزیشن لیڈر سمیت ارکان اسمبلی غصے میں سیشن ہال چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے منگل کو ہونے والی بحث میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔
دوسری طرف ترنمول ایم ایل اے تاپس رائے نے مبینہ غیر پارلیمانی رویے کے لیے ایوان میں اپوزیشن لیڈر کو معطل کرنے کی تحریک پیش کی۔ حکمراں جماعت کے دیگر اراکین اسمبلی نے اس کی حمایت کی۔اس سے قبل 28 مارچ 2022 کو بی جے پی کے پانچ ممبرا ن اسمبلی بشمول شبھندو ادھیکاری کو معطل کر دیا گیا تھا۔ اس اجلاس سے پہلے بی جے پی کے دو ممبران اسمبلی کو معطل کر دیا گیا تھا۔ کل سات ایم ایل اے کو معطل کر دیا گیا۔ تاہم عدالت کی مداخلت کے بعد ان کی معطلی واپس لے لی گئی۔