نئی دہلی/کولکاتا:چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس۔ نرسمہا نے عرضی پر سماعت کرتے ہوئے مغربی بنگال کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی سے پوچھا کہ جب فلم دوسری ریاستوں میں اسی طرح کے شماریاتی تنوع کے ساتھ چل رہی ہے تو مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں چلنے میں کیا حرج ہے؟
عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بنچ نے درخواست گزاروں کے دلائل سننے کے بعد فی الحال کوئی بھی حکم جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں تمام متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد منصفانہ فیصلہ کرے گا۔ بنچ نے کہا کہ وہ اس معاملے کی اگلی سماعت 17 مئی کو کرے گی۔
10 مئی کو سپریم کورٹ نے عرضی گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل ہریش سالوے کی عرضی کو قبول کرتے ہوئے عرضی پر سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
مسٹر سالوے نے 'خصوصی تذکرے' کے دوران معاملے کی جلد سماعت کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے بنچ کے سامنے عرض کیا کہ فلم کی ریلیز پر مغربی بنگال حکومت نے 8 مئی کو پابندی لگا دی تھی۔ دوسری طرف، تمل ناڈو میں پابندی کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔ یہاں پابندی نہیں لگائی گئی لیکن حالات تقریباً ایک جیسے ہیں۔
اس سے پہلے 9 مئی کو سپریم کورٹ نے کیرالہ ہائی کورٹ کے اسی فلم پر پابندی لگانے سے انکار کے خلاف دائر درخواست کو 15 مئی کو سماعت کے لیے قبول کر لیا تھا۔