کولکاتا:مغربی بنگال میں ایس ایس سی کے ذریعہ اسکولوں میں اساتذہ کی تقرریوں میں بدعنوانی کی جانچ شروع ہونے سے بہت پہلے سے ہی نوکری کے متلاشیوں نے مغربی بنگال حکومت کے خلاف غیر معینہ مدت کے لئے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا تھا، جو آج تک جاری ہے۔ ایس ایس سی کے امیدواروں کا دھرنا 590 دنوں سے مسلسل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی ریاستی حکومت کے خلاف دھرنے پر بیٹھے لوگوں نے عندیہ دیا ہے کہ جب تک انہیں کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہیں اس وقت تک ان کا دھرنا جاری رہے گا۔ اس کے لئے وہ کوئی بھی قیمت چکانے کے لئے تیار ہیں۔ Job Seekers Dharna Not OUT AT 590 Days, Protesters BelieveThey Will Win
مغربی بنگال کی حکومت کو ذرا بھی گمان نہیں تھا کہ چند لوگوں کا یہ دھرنا تحریک میں بدل جائے گی۔ حکومت اور پولیس کی مخالفت کے باوجود ایس ایس سی کے کامیاب امیدواروں کا یہ دھرنا 590 دنوں سے جاری ہے۔ لوگوں کے احتجاجی مظاہرے ریاستی حکومت کے لئے گلے کی ہڈی بن چکے ہیں۔ غور طلب ہے کہ مغربی بنگال میں ایس ایس سی کے امیدواروں کا یہ دھرنا ایک ریکارڈ قائم کر چکا ہے۔ بھارت کی آزادی کے بعد ریاست مغربی بنگال میں عام لوگوں کی جانب سے کسی بھی حکومت کے خلاف گزشتہ چلائی جانے والی یہ تحریک طویل ترین ہونے کا ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ کسی کو معلوم بھی نہیں ہے یہ تحریک اور کتنے دنوں تک جاری رہے گی۔