مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر براتیا باسو نے کہا کہ بی جے پی کی سیاست مغربی بنگال میں نہیں چلے گی۔ ریاستی وزیر نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ دباؤ، زبردستی، مارکاٹ اور مذہب کے نام پر سیاست اور سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ لوگوں کو پریشان کرانے کی سیاست کے لئے ریاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو نہ صرف بنگال بلکہ بھارت کے ہیرو ہیں۔ وہ کس پارٹی میں شامل ہوں گے یا نہیں یہ ان کا اپنا بالکل ہی انفرادی معاملہ ہے۔
ریاستی وزیر باسو نے کہا کہ سورو گانگولی کو زبردستی اپنی سیاسی پارٹی میں شامل کرنے کی کوشش سے ثابت ہوگیا کہ دوسری ریاستوں میں چلنے والی سیاست کو مغربی بنگال کے عوام پر زبردستی تھوپنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ لیفٹ فرنٹ کے سرکردہ رہنما اشوک بھٹاچاریہ نے سورو گنگولی سے ہسپتال میں ملاقات کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ دادا کو سیاسی پارٹی میں شامل ہونے کے لئے مجبور کیا جارہا ہے۔ اور اشوک بھٹاچاریہ جیسے اعلیٰ رہنما اتنی بڑی بات یوں ہی نہیں کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے سورو گنگولی سے بات کرنے کے بعد ہی اتنی بڑی اور اہم بات کو میڈیا کے سامنے کہا ہے۔