کولکاتا:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں بھی عیدالاضحیٰ کا تہوار پر امن طریقے سے منایا جارہا ہے لیکن اس مرتبہ موجودہ صورتحال کے مدنظر علمائے کرام اور سماج کارکنان کی جانب سے مسلمانوں سے احتیاط اور امن کے ساتھ تہوار منانے کی مسلسل اپیل کی جا رہی ہے۔
شہر میٹیابرج کی سابق کاؤنسلر اور سماجی کارکن سرور جہاں ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بچوں کو قابو میں رکھنا ماؤں کی ذمہ داری ہے کیونکہ ماں کی گود بچوں کے لئے پہلا مکتب ہے۔ سرور جہاں نے کہا کہ میٹیابرج مغربی بنگال کا چھوٹا لکھنو ہے لیکن سیکولرازم کی عمدہ مثال ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگ امن امان کے ساتھ رہتے ہیں. ایک دوسرے کے تہواروں میں شامل ہوتے ہیں لیکن موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ افواہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو افواہوں سے بچنے کی ضرورت ہے۔ افواہ پھیلانے والوں سے دور رہنا چاہیے تاکہ ہم اور فیملی ان پریشانیوں سے پوری طرح سے محفوظ رہ سکے۔