کولکاتا:سنگاپور کا ایک مال بردار جہاز مغربی بنگال کے ہاوڑہ ضلع میں گرچومک کے قریب پوکوریا پوائنٹ پر اسٹیئرنگ میں خرابی کی وجہ سے ساحل سے ٹکرا گیا۔اس واقعے کے بعد ہگلی ندی کے کنارے جہاز کو دیکھنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ امڈ پڑی۔ شیاما پرساد مکھرجی پورٹ (کولکاتا پورٹ) کے افسران نے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہاکہ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔اس واقعے کی اطلاع ہائی کمان کو بھی دی گئی ہے۔
کولکاتا کے شیاما پرساد بندرگاہ کے ترجمان سنجے کمار مکھرجی نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ فلپائنی اور ملیشیا ئی قومیت کے عملے کے20 ارکان اور فلپائن سے تعلق رکھنے والے جہاز کے مالک ایڈون دین راماس محفوظ ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ تیل گرنے کی کوئی خبر نہیں ہے۔ تجربہ کار عملے کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کارگو جہاز میں رکھے گئے 338 تیل کے کنٹینرز کو اچھی طرح سے باندھ لیں تاکہ کوئی بھی کنٹینر پانی میں نہ جائے۔