کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع عالمی شہرت یافتہ کرکٹ اسٹیڈیم ایڈن گارڈنس میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے شاردول ٹھاکر نے کہاکہ دراصل انہیں بھی معلوم نہیں ہے کہ وہ اتنی اچھی بلے بازی کر سکتے ہیں۔وہ ٹیم کی جیت میں اہم رول ادا کرنے پر بے حد خوش ہیں۔ شاردول ٹھاکر نے کہاکہ وہ ہر میچ میں اپنی طرف سے سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کوشش میں کبھی انہیں کامیابی ملتی ہے تو کبھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف میدان میں اترنے سے پہلے کوئی خاص حکمت نہیں بنائی تھی۔ بس اتنا تھا کہ اچھا کھیلنا ہے۔
ڈریسنگ ہوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ وقت گزارنے کو لے کر شاردول ٹھاکر نے کہاکہ وہ جتنے بڑے اداکار ہیں اس سے بھی بڑا انسان ہیں۔وہ تمام کھلاڑیوں کے ساتھ یکساں سلوک کرتے ہیں۔ڈرایسنگ روم میں انہوں نے مجھے ڈانس کرنے کے لئے کہہ رہے تھے لیکن میں اس فیلڈ میں زیرو ہوں۔ اس سے قبل ایڈن گارڈن گراؤنڈ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کولکاتا نے 20 اوور میں 7 وکٹ پر شاندار 204 رنز بنائے۔ جواب میں آر سی بی 16 اوور میں 105 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ کولکاتا کی جانب سے پہلی اننگز میں شاردول ٹھاکر نے 29 گیندوں پر 68 رنز کی گیم چینجر اننگز کھیلی۔ دوسری اننگز میں ورون چکرورتی نے 4، سویش شرما نے 3 اور سنیل نارائن نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور آر سی بی کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔