امپھال: ریاست منی پور کے مغربی امپھال ضلع میں پیر کی صبح دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم کی اطلاع ملی ہے۔ اس تصادم میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔ اطلاع ملی ہے کہ یہ واقعہ ضلع کے کانگچپ علاقے میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو امپھال کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق ضلع کاکنگ کے علاقے سیرو میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔
اس سے قبل 3 جون کو کم از کم 15 افراد اس وقت زخمی ہوئے جب بموں اور ہتھیاروں سے لیس مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں نے امپھال مغربی ضلع کے دو گاؤں پر رات کے وقت حملہ کیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ پھینگ اور کانگچپ چنگکھونگ گاؤں میں تعینات ریاستی پولیس اور منی پور رائفلز کے اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں فریق کے درمیان تصادم ہوا، جو چار گھنٹے سے زیادہ جاری رہا۔ عسکریت پسند قریبی پہاڑیوں کی طرف بھاگ گئے تھے۔