کولکاتا:مغربی بنگال کے ندیاضلع کے کرشنانگر(شمال) سے رکن اسمبلی مکل رائے 17اپریل کو اچانک دہلی چلے گئے تھے، ان کا دہلی دورہ انتہائی پراسرار تھا ۔اس درمیان ان کے بیٹے سبھرانشو رائے نے دعویٰ کیا کہ مکل رائے ان کو اور خاندان میں کسی کو بتائے بغیر دہلی چلے گئے ہیں۔ سبھرانشو نے شکایت کی کہ بیمار مکل کو غلطی سے دہلی لے جایا گیا۔ انہوں نے اس کے پیچھے بی جے پی کی سازش کی طرف اشارہ کیا۔ بی جے پی چھوڑ کر ترنمول میں شامل ہونے کے باوجود مکل دہلی گئے اور دعویٰ کیا کہ وہ بی جے پی میں ہیں۔ مکل نے یہ بھی بتایا کہ وہ دہلی میں بی جے پی لیڈروں سے ملنے گئے تھے۔ اس کے نتیجے میں ترنمول کانگریس میں ان کے خلاف ناراضگی پیدا ہوگئی ۔
دہلی کے سفر کے دوسرے دن مکل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بی جے پی کے ممبر اسمبلی ہیں اور رہیں گے۔پارٹی کےلئے کام کرنے کو تیار ہیں ۔جب کہ شروع سے ہی خبریں آرہی تھیں کہ بی جے پی کے اعلیٰ لیڈروں کو مکل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ریاستی بی جے پی نے بھی اعلیٰ قیادت کو مکل کے بارے میں سخت اعتراضات سے آگاہ کیا۔ بی جے پی لیڈر کیلاش وجے ورگیہ جب دہلی گئے تو مکل رائے پرامید تھے کہ وہ ملاقات کریں گے مگرگزشتہ دو ہفتوں سے بی جے پی لیڈروں نے کوئی جواب نہیں دیا، اس لیے مکل ایک طرح کی الجھن میں پڑ گئے۔