کولکاتا: مغربی بنگال اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران ممبر اسمبلی بتاکر ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے کا معاملہ سامنے آنے کے ایک دن بعد ہی وزیراعلیٰ ممتابنرجی کے سیکورٹی میں ایک بڑی خامی سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ضلع کے دورے کے دوران مدنی پور شہر میں ایک انتظامی میٹنگ کی۔ صبح وہ مدنی پور کے سرکٹ ہاؤس سے نکل کر جلسہ گاہ کے لئے روانہ ہوئیں۔ وزیر اعلیٰ کے روٹ کے دونوں اطراف بڑی تعداد میں پولیس اہلکار اور شہری رضاکار تعینات تھے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ کوئی وزیر اعلیٰ کے قریب نہ جا سکے، سڑک کے دونوں اطراف رسیاں بھی باندھ دی گئی تھیں لیکن جب وزیراعلیٰ کی گاڑی ایل آئی سی چوک کے قریب پہنچی تو نوجوان خاتون رسی کو ہٹا کر ممتا بنرجی کی گاڑی کے سامنے آگئی۔ ایک شہری رضاکار پولیس اس نوجوان عورت کو روکنے کی کوشش کی مگر روکاوٹوں کو ہٹاکر قریب پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
پہلے تو وزیر اعلیٰ کی گاڑی نے خاتون کو اوورٹیک کیا لیکن خاتون کو دیکھ کر ممتا نے گاڑی کو روکنے کا حکم دیا وہ نوجوان عورت اس کی طرف بڑھی۔ تاہم اس وقت تک وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے سیکورٹی گارڈز بھی آگئے۔ وزیر اعلیٰ نے گاڑی میں بیٹھ کر نوجوان خاتون سے چند سیکنڈ تک بات کی۔ اس کے بعد ان کا قافلہ پنڈال کی طرف روانہ ہویا۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نوجوان خاتون کو لے گئی۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی گاڑی کے سامنے کیوں آئی تھی اور وزیر اعلیٰ سے اس نے کیا بات کی۔