مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے درمیان اسمبلی انتخابات کرانے کا فیصلہ کتنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، اب واضح طور دکھائی دینے لگا ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں کورونا وائرس کے سبب حالات تیزی سے بگڑنے لگے ہیں۔
یومیہ کورونا کے تقریباً 20 ہزار نئے کیسز کی تصدیق ہوتی ہے۔ اسی درمیان لوکل ٹرین کی خدمات کی معطلی نے ایک نئی مصیبت کو دعوت دے دی۔ ٹرینوں کی بجائے اب سرکاری اور غیر سرکاری بسوں میں مسافروں کی بھیڑ امڈنے لگی ہے۔
لوکل ٹرین کی خدمات معطل ہونے سے مصروف ترین سیالدہ اسٹیشن مسافروں سے خالی ہونے کی وجہ سے بالکل ویران نظر آیا۔ سیالدہ اسٹیشن بھارت کے مصروف ترین ریلوے اسٹیشنوں میں ہوتا ہے، لیکن لوکل ٹرین خدمات کی معطلی کا گہرا اثر پڑنے لگا ہے۔
سیالدہ اور ہوڑہ اسٹیشنوں پر روزانہ لوکل ٹرینوں کے ذریعہ سفر کرنے مسافر بالکل نظر نہیں آئے۔ ٹرینوں سے روزانہ سفر کرنے والے مسافر اسٹیشن آنے کے بجائے سرکاری اور غیر سرکاری بس ڈیپو کی طرف رخ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
لوکل ٹرین خدمات کی معطلی کے بعد سیالدہ اور ہوڑہ اسٹیشنوں پر ڈیلی پسجنرس کے بجائے میل ٹرینوں کے ذریعہ سفر کرنے والوں کی تھوڑی بہت بھیڑ نظر آئی۔ لمبی دوری کی ٹرینوں سے سفر کرنے والوں کو بھی سخت سکیورٹی انتظامات سے گزرنا پڑ رہا ہے۔