کولکاتا:مغربی بنگال میں گائے کی اسمگلنگ کیس میں گرفتار انوبرتا منڈل نے سپریم کورٹ میں ضمانت کی عرضی دائر کی تھی۔ تاہم انہیں یہاں سے بھی راحت نہیں ملی ہے۔ بیر بھوم کے ترنمول کانگریس کے ضلع صدر کو پوجا کے دوران جیل میں رہنا پڑے گا۔ کیس کی اگلی سماعت چار ہفتے بعد ہوگی۔ ترنمول لیڈر انوبرتا منڈل شروع میں آسنسول جیل میں تھے لیکن اب وہ دہلی کی تہاڑ جیل میں ہیں۔
ستمبر میں انوبرتا منڈل کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ منیش کوٹھاری کو ضمانت مل گئی تھی۔ اس کے بعد امید کی جارہی تھی کہ انوبرتا منڈل کو بھی ضمانت مل جائے گی۔ منیش کوٹھاری نے گرفتاری کے بعد کہا کہ میں نے کچھ نہیں کیا۔ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔ میری غلطی صرف یہ ہے کہ میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہوں۔ بول پور کے رہنے والے منیش کوٹھاری 2013-14 سے بیربھوم ترنمول کانگریس کے ضلع صدر انوبرت منڈل کے قریب تھے۔ الزام ہے کہ اس کے بعد ہی ان کی دولت میں اضافہ ہوا ہے۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق منیش نے گائے کی اسمگلنگ کے کالے دھن کو لانڈرنگ کرنے میں سرگرم رول ادا کیا۔