مالدہ: مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات کے اعلان سے پہلے کانگریس کے ماسٹر اسٹروک سے ترنمول کانگریس کو زور دار دھچکا پہنچا۔ ضلع پریشد کی رکن اور سابق صدر سرلا مرمو کانگریس میں شامل ہو گئیں۔ مالدہ ضلع کانگریس کے کارگزار صدر کالیشدھن رائے نے انہیں پارٹی پرچم سونپا۔ حالانکہ ترنمول کانگریس ان (مرمو)کی پارٹی تبدیلی کو اہمیت دینے کو تیار نہیں ہے۔ تاہم سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس وقت ترنمول کیمپ میں درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والی کوئی خاتون رہنما موجود نہیں ہے۔ پنچایت انتخابات سے پہلے سرلا کا منحرف ہونا مالدہ میں برسر اقتدار پارٹی کی قیادت کے لیے ضرور پریشانی کی وجہ بن سکتی ہے۔
2013 میں ضلع کانگریس کے صدر ابو ہاشم خان چودھری نے اولڈ مالدہ جاترا ڈانگہ گاؤں پنچایت سے سرلا مرمو کو سیاسی میدان میں لایا۔ انہوں نے پہلی بار پنچایت میں الیکشن لڑا اور کامیابی بھی حاصل کی۔ کانگریس نے انہیں صدر کے عہدے کی ذمہ داری دی تھی۔ 2018 میں وہ شھبندو ادھیکاری کی نگرانی میں ترنمول میں شامل ہوئی تھی۔