یہ بات سچ ہے کہ مغربی بنگال میں روزگار کے مواقع کم ہے۔ بے روزگاری کے سبب نوجوان روشن مستقبل کے لیے ملک کی دوسری ریاستوں کی طرف رُخ کررہے ہیں۔ خاص طور پر اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان، جن کو ترقی کی منزل تک پہنچنے کے لیے کئی پریشانیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔
بنگال آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس امتحان: ریحان قریشی سے خصوصی گفتگو اِن کے لیے کامیابی راتوں رات نہیں ملتی بلکہ اس مقام تک پہنچنے کے لئے زندگی کے نشیب و فراز دیکھنے پڑتے ہیں اور مشکل و دشوار کن حالات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
لیکن چند ایسے بھی نوجوان ہیں جو بنگال میں رہ کر ہی روزگار اور ترقی کی راہ کو ہموار بنانے کی جدوجہد میں مصروف رہتے ہیں۔ ان ہی نوجوانوں میں بنگال آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس امتحان میں نمایاں کارنامہ انجام دینے والے ریحان قریشی بھی شامل ہیں۔
بنگال آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس اکزام میں نمایاں کارنامہ انجام دینے والے ریحان قریشی نے کہا کہ 'سچی لگن اور محنت کی مدد سے غریبی کے دائرے کو عبور کرکے ترقی حاصل کی جاسکتی ہے۔'
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ریحان قریشی نے کہا کہ 'کامیابی حاصل کرنے کے لیے سچی لگن و محنت اور پختہ ارادے کی ضرورت پڑتی ہے اسی بنیاد پر کامیابی مل سکتی ہے۔'
ریحان قریشی نے کہا کہ 'انہیں زندگی میں کئی نشیب و فراز سے گزرنا پڑا وہ اپنے والدین کے ساتھ ایک چھوٹے سے کمرے میں رہتے ہیں۔ بارش کے موسم میں گھر میں پانی داخل ہوجاتا ہے جس کے سبب سارے لوگوں کو پلنگ پر بیٹھ کر رات گزارنی پڑتی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'والد کی اتنی آمدنی نہیں ہے کہ ہمیں سب کچھ آسانی سے مل سکے لیکن ہم جتنا ہے اتنے میں ہی گزارا کرلیتے ہیں۔ ہاں پڑھنے لکھنے کا بڑا شوق ہے اور ٹیوشن وغیرہ پڑھاکر اپنی فیملی کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی پڑھائی لکھائی کی ضروریات کو پوری کرلیتے ہیں۔'
ان کا کہنا ہے کہ 'شمالی کولکاتا کے مسلم اکثریتی علاقہ بیلگھچیا میں واقع کوچنگ سینٹر میں مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کے دوران بنگال آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس امتحان میں قسمت آزمانے کا مشورہ دیا گیا۔'
یہ بھی پڑھیں:مشہور نعت خواں دانش دار اور داور دار سے خصوصی گفتگو
انہوں نے کہا کہ 'بنگال آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس اکزام میں بیٹھا اور پہلی مرتبہ میں ہی کامیابی حاصل کرلی۔ اس کے بعد کل تک جو لوگ کہتے تھے کہ یہ سب کرنے سے کیا فائدہ ہے آج وہی لوگ ہمدرد بن گئے ہیں لیکن ہمیں اپنے برے دن اچھی طرح سے یاد ہیں۔'
ریحان قریشی کے والد محمد رضوان قریشی اور والدہ زبیدہ خاتون اور دیگر رشتہ داروں نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے ریحان کے بنگال آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس امتحان میں نمایاں کارنامہ اور ان کی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔'