مغربی بنگال کے عوام کو فی الحال بارش سے راحت ملنے کا امکان نہیں ہے. بارش کا یہ سلسلہ پیر تک جاری رہ سکتا ہے۔ مسلسل بارش ہونے کے سبب کولکاتا، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ، ہوڑہ، ہگلی اور ندیا ضلع کے بیشتر علاقے بارش کی زد میں ہیں۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے موٹر پمپ کا استعمال کیا جا رہا ہے لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے اس میں کامیابی نہیں مل رہی ہے۔
علی پور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں تک بارش جاری رہ سکتی ہے، ریاست کے مختلف علاقوں میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آئندہ دنوں میں لوگوں کو شدید بارش کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس مرتبہ مانسون کے دوران غیر متوقع بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ ماہ 26 مئی کو یاس طوفان یہاں سے گزر چکا ہے اور 26 جون کو ایک اور طوفان کے آنے کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ موسم میں تبدیلی متوقع ہے اسی وجہ سے اس مرتبہ امید سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب مختلف اضلاع میں ندی کے پانی کھیتوں میں داخل ہونے باعث فصلیں برباد ہو چکی ہیں، اس سے کسانوں کو زبردست مالی نقصان ہوا ہے۔