مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کی تاریخ جیسے جیسے قریب آ رہی ہے۔ ویسے ویسے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کی تاریخوں کے اعلان کے بعد سے ریاست میں مختلف اضلاع میں سیاسی جلسے اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔
ممتا بنرجی کی قیادت والی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں اسمبلی انتخابات میں اپنی موجودگی کا احساس دلانے اور ووٹرز کو اپنی طرف راغب کرنے کی ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں۔
اس درمیان مسلم اکثریتی حلقوں میں اس مرتبہ اسمبلی انتخابات میں مسلم ووٹرز کی دلچسپی تو بہت ہے لیکن وہ کھل کر کچھ بھی کہنے سے گریز کر رہے ہیں۔
شمالی 24 پرگنہ کے ٹیٹاگڑھ مسلم اکثریتی علاقوں میں سے ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران اس علاقے میں کافی ترقی ہوئی اور صنعتی ترقی کے اعتبار سے خود کفیل بھی ہوا۔
ریاست کے دوسرے اقلیتی اکثریتی علاقہ کی طرح یہاں بھی اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں عروج پر ہے اور لوگوں کے درمیان موضوع بحث بھی۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب مسلم اکثریتی علاقے کا دورہ کیا اور وہاں کے مقامی باشندوں سے ملاقات کر کے اسمبلی انتخابات سے متعلق رائے جاننے کی کوشش کی۔