سلی گوڑی: مغربی بنگال کے دورے پر آئے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے شمالی بنگال کے مختلف اضلاع کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ترقی کے لئے مرکزی حکومت ہر ممکن کوشش میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نفع نقصان کے بارے میں نہیں سوچتے ہیں۔ وہ سیاست میں نفع نقصان کی بات نہیں کرتے۔ ملک کی ترقی کے لئے جتنا ہوسکے کریں گے۔ یہ بنگال کے لئے ہی نہیں بلکہ ملک کی تمام ریاستوں کے لئے یکساں پالیسی ہے۔ Nitin Gadkari Bengal Development
مرکزی وزیرگڈکری نے کھڑگ پور اور دالکھولہ کے کچھ پروجیکٹوں کا عملی طور پر افتتاح بھی کیا۔ مرکزی حکومت 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے بنگال پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سڑک اور ٹرانسپورٹ کی وزارت مغربی بنگال کی ترقی میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کر کے بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنے جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزیر گڈکری نے کہا کہ 2014 سے بنگال میں 60 ہزار کروڑ کا کام ہو چکا ہے۔ 80 ہزار کروڑ روپے کے کام کو منظوری دی گئی ہے اور کچھ پروجیکٹ منظوری کے مراحل میں ہیں۔