کولکاتا: جادو پور یونیورسٹی میں طالب علم کی موت کے معاملے میں سیاسی بیان بازیاں زوروں پر ہیں۔ممتا بنرجی مسلسل کمیونسٹ جماعتوں کی تنقید کر رہی ہیں ۔جادو پور واقعہ کے بعد ممتا بنرجی نے 14اگست کو بہالا میں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹوں نے جادو پور کے طالب علم کو ہلاک کیا ہے۔ وہاں سی پی آئی ایم کے کارکنان بھی موجود تھے۔ سی پی آئی ایم بھی حیران تھی کہ آخر ان کا نام کیوں لیا جارہا ہے۔ پیر کے روز نیتاجی انڈور اسٹڈیم میں ائمہ اور مئوذنین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پی آئی ایم کے یونین نے جادو پوریونیورسٹی کے طالب علم کو ہلاک کیا۔
ممتا بنرجی آخر کس مقاصد کے تحت جادو پور یونیورسٹی کے واقعہ کے لئے سی پی آئی ایم کو ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کر رہی ہیں ۔جب کہ ممتا بنرجی یہ جانتی ہیں کہ آرٹس فیکلٹی کے علاوہ انجینٹرنگ اور سائنس فیکلٹی میں سی پی آئی ایم یونین کا قبضہ نہیں ہے۔ بلکہ غیر جماعتی طلبا یونین کا قبضہ ہے جس کی طرف اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکار ی نے اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کیا تھا۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ دراصل ممتا بنرجی یہ کہنا نہیں چاہتی ہیں کہ اس واقعے کے پیچھے مائونواز حامی جماعتوں کا ہاتھ ہے۔ چوں کہ ممتا بنرجی دعویٰ کرتی رہی ہیں کہ ریاست سے مائونوازوں کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ اگر وہ کہتی ہیں کہ جادو پور واقعہ سے ماؤ نوازوں کا کوئی تعلق ہے تو اپوزیشن کو ان کے ماؤ نواز بیان پر سوال اٹھانے کا موقع ملے گا۔