ای ٹی وی بھارت کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں مشہور گلوکار و مرکزی وزیر بابل سپریو نے ممتا بنرجی کو مغربی بنگال میں جاری سیاسی تشدد کا ذمہ دار قرار دیا ہے. ریاست کے بردوان ضلع کے آسنسول سے بی جے پی کے رکن پارلیمان بابل سپریو کا کہنا ہے کہ بنگال کے لوگوں نے ممتا دیدی کو بڑی امید سے اقتدار سونپا تھا لیکن انہوں نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
انہوں نے بی جے پی پر جارحانہ سیاست کرنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ملک بھر میں 'سب کا ساتھ سب کا وکاس' کے منتر کے تحت عوام کے بیچ پہنچ رہی ہے۔ وہیں گذشتہ 10 سالوں میں ممتا بنرجی نے بنگال کو تشدد کی طرف دھکیل دیا ہے۔
بابل سپریو نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اقتدار میں آنے سے قبل بڑے بڑے وعدے کئے تھے لیکن اقتدار حاصل ہونے کے بعد انہوں نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ ممتا حکومت نے ریاست میں افراتفری کا ماحول برپا کر رکھا ہے۔
مرکزی وزیر کے مطابق ممتا حکومت نے ریاست کو سیاسی تشدد کی آگ میں جھونک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں سیاسی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ روزانہ بی جے پی کے حامیوں کا قتل کیا جا رہا ہے۔