کولکاتا: امفان طوفان کے سبب کولکاتا شہر کے متعدد علاقے ابھی تک اندھیرے میں ہیں۔ خصوصی طور پر جنوبی کولکاتا کا بیہالہ اوربیڑہ علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہے ۔
اطلاعات کے مطابق امفان طوفان کی وجہ سے کولکاتا شہر کا بیڑہ اور بیہالہ علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ابھی بھی بیہالہ میں برسات کا پانی جمع ہے۔ بجلی کی بحالی ابھی تک ممکن نہیں ہو سکی ہے۔گذشتہ منگل سے بیہالہ میں بجلی گل ہونے سے لوگ اندھیرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔اس سے پریشان ہو کر آج بیہالہ کے لوگوں نے موم بتی لے کر بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا اور شدید ناراضگی ظاہر کی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف بجلی نہیں ہے دوسری جانب برسات کے پانی میں پورا علاقہ ڈوبا ہوا ہے جس کی نکاسی ابھی تک ممکن نہیں ہو پائی ہے۔ ذرائع سے ملی خبروں کے مطابق کولکاتا کارپوریشن کے کمشنر خلیل احمد کو اسی وجہ سے عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے۔