کولکاتا:مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے مسلم اکثریتی علاقہ کمرہٹی میں واقع ساگر دتہ کالج اینڈ ہسپتال میں زیر علاج مریض کے اچانک سے لاپتہ ہونے کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ جب مریض کے رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے وضاحت طلب کیا تو ہسپتال انتظامیہ نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور سکیورٹی اہلکاروں کے ذریعہ ڈرانے دھمکانے کا بھی معاملہ سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شمالی 24 پرگنہ کے ٹیٹاگڑھ کے پاتولیا کے باشندہ امر داس کو منگل کے روز ساگر دتہ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں داخل کرایا گیا، لیکن بدھ کی رات مریض پراسرار طریقے سے ہسپتال سے لاپتہ ہو گیا۔ جمعرات کی صبح جب لاپتہ مریض کے رشتہ دار ملنے کے لیے ہسپتال پہنچے تو وہ اپنے مریض کو بیڈ پر نہ پا کر حیران ہو گئے۔