کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع عالمی شہرت یافتہ ایڈن گارڈنس اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے بیچ ورلڈکپ کا میچ اس وقت تنازع کا شکار ہو گیا جب فلسطینی پرچم لہرایا گیا۔ دنیا کے بیشتر ممالک کی طرح بھارت میں بھی فلسطین کی حمایت میں صدائیں بلند ہر رہی ہیں۔ اس سے پہلے پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کا معاملہ ابھی ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ ورلڈکپ کے میچ کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے کا واقعہ موضوع بحث ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی کپ کرکٹ کی سرگرمیوں کے درمیان ایڈن گارڈنز اچانک عالمی سطح پر بحث کا موضوع بن گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایڈن گارڈنز میں کھیل دیکھنے آئے چار شائقین نے دو بار فلسطینی پرچم لہرایا۔ شیدائیوں نے فلسطین کی حمایت میں نعرہ بازی بھی کی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔