اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد سے اب تک مغربی بنگال میں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مغربی بنگال حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود ریاست کے مختلف اضلاع میں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جاری خونی جھڑپیں رکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔
کوچ بہار، نندی گرام کے بعد شمالی 24 پرگنہ کے بھاٹ پاڑہ سیاسی تصادم سے پوری طرح سے متاثر ہے۔ یہاں بموں سے حملہ اور فائرنگ عام بات ہو گئی ہے۔
شمالی 24 پرگنہ کے جگتدل تھانہ کے تحت بھاٹ پاڑہ علاقے میں نامعلوم شرپسندوں کے بموں کے حملے میں ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ دیگر پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کمشنر منوج کمار ورما نے کہا کہ پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور تفتیش شروع کر دی۔ اس معاملے میں کئی لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔