مغربی بنگال:دی نارتھ بنگال یونیورسٹی (این بی یو) بھارت چین سرحد پر چینی جارحیت پر تحقیق شروع کرنے جا رہی ہے، یہ تحقیق یونیورسٹی اور ہندوستانی فوج کے مشترکہ طور انجام دیگی۔ یونیورسٹی حکام اس ضمن میں تحقیقی مرکز ’’نارتھ بنگال یونیورسٹی ریسرچ سینٹر فار ڈپلومیسی اینڈ وار‘‘ تیار کرنے جا رہی ہے۔ یونیورسٹی عہدیداروں نے اس حوالہ سے بھارتی فوج کے کرنل رینک کے افسران کے ساتھ ابتدائی بات چیت بھی کی۔ بھارتی فوج نے یونیورسٹی کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، تاہم بھارتی فوج کے اعلیٰ افسران اور وزارت دفاع سے حتمی فیصلہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
مشترکہ ٹیم ریسرچ کے دووران ہمالیہ، ہمالیائی پولیٹیکل سائنس، تاریخ اور چین بھارت سرحد کے ساتھ ساتھ باقی سرحدوں پر بھی تحقیق کرے گے۔ یونیورسٹی حکام نے اس منصوبے کی نگرانی کے لیے پہلے ہی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ این بی یو کے قائم مقام وائس چانسلر اوم پرکاش مشرا نے اس حوالہ سے کہا:ـ ’’تحقیق کے کام کے لیے ایک علیحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ لیبارٹری کے قیام کے بارے میں بھارتی فوج کے کرنل رینک کے افسران سے بھی بات کی گئی ہے۔ جب وہ ہری جھنڈی دے دیں گے تو کام شروع ہو جائے گا۔‘‘ بھارتی فوج کے کرنل انجن کمار باسوماتاری نے کہا: ’’ابتدائی میٹنگ منعقد ہوئی ہے جس میں کور کمانڈر بھی تھے، معاملے کو حتمی فیصلے کے لیے اعلیٰ اتھارٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔‘‘