کولکاتا/ نئی دہلی:چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس جے بی پردی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے کلکتہ ہائی کورٹ کے سی بی آئی جانچ کے حکم کے خلاف مغربی بنگال حکومت کی عرضی پر غور کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت مطمئن ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ اساتذہ بھرتی گھپلہ اور میونسپلٹی بھرتی گھپلہ کے درمیان کوئی تعلق ہے۔
سی بی آئی اور ای ڈی معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی بھی اس الزام کی زد میں آ گئے ہیں۔
عدالت عظمیٰ کے بنچ نے متعلقہ فریقین کے دلائل تفصیل سے سننے کے بعد درخواست خارج کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا۔مغربی بنگال حکومت نے کلکتہ ہائی کورٹ کے ایک ڈویژن بنچ کے 15 جون 2023 کے حکم کی صداقت کو چیلنج کیا، جس نے ایک بینچ کے ذریعہ مبینہ میونسپلٹی بھرتی گھپلہ کی سی بی آئی تحقیقات کو برقرار رکھا تھا۔