مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں سے یاس طوفان کے ٹکرانے کی وجہ سے خلیج بنگال سے لگے بنگال کے متعدد اضلاع میں تیز ہوائیں چلیں اور سطحِسمندر میں اضافہ کے سبب ان علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ خصوصی طور پر دونوں مدناپور کے علاقے میں یاس طوفان کا اثر پڑا ہے۔
حکومت کی طرف سے بھی احتیاطی اقدامات اٹھاتے ہوئے لاکھوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ قیاس آرائیاں ہیں کہ کولکاتا شہر میں بھی یاس طوفان کا اثر پڑے گا لیکن آج شام تک ایسا کچھ نہیں دیکھا گیا۔
کولکاتا شہر میں یاس طوفان کا معمولی اثر نظر آیا کہا جا رہا تھا کہ 65 سے 75 کیلو میٹر فی گھنٹہ کے رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ لیکن شام تک کولکاتا شہر کے موسم میں ایسی کوئی بات نظر نہیں آئی۔ وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی اور عام دنوں کے بنسبت ہوائیں کچھ تیز تھیں۔ لیکن دوپہر کے بعد سے پھر بارش نہیں ہوئی۔ دریا کی روانی میں تھوڑی تیزی دیکھی گئی۔
دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ لاک ڈاؤن بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں سڑکیں سنسان نظر آئیں۔ دیر رات کولکاتا شہر میں غیر معمولی طور پر تیز ہوائیں چل سکتی ہے اور تیز بارش کے بھی امکان ظاہر کیے گئے ہیں۔