کولکاتا:مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران ریاست کے تمام اضلاع میں سیاسی جماعتوں کے درمیان بھیانک خونی جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔ اپوزیشن جماعتوں نے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور انتخابی کمیشن کو ریاست میں تشدد کے واقعات کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔اسی درمیان کلکتہ ہائی کورٹ نے بھی انتخابی کمیشن کی سرزنش کی ہے ۔
بھانگوڑ سے انڈین سیکولر فرنٹ کے رکن اسمبلی نوشاد صدیقی نے پنچایت انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن خونی جھڑپوں میں آئی ایس ایف کے حامیوں کی موت کے انتخابی کمیشن کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انڈین سیکولر فرنٹ کے رکن اسمبلی اپنی پارٹی کے کارکنان کی موت کے بعد ریاستی انتخابی کمیشن کے سربراہ سے ملاقات کرنے کے مقصد سے دفتر پہنچے تھے لیکن آخری لمحہ میں ملنے کا ارادہ ترک کر دیا ۔