جنوبی 24 پرگنہ کے مسلم اکثریتی علاقہ مٹیابرج کے مشہور شاعر اور مصنف محمد صابر (صابر نظر، قلمی نام ) نے کہا کہ ساحر لدھیانوی کو نئی نسل میں مقبول عام کرنا ان کی زندگی کا اہم مقصد ہے۔
مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل جنوبی 24 پرگنہ میں مٹیا برج واقع ہے۔ بھارت کی آزادی سے قبل اور آزادی کے بعد سے آج تک مٹیابرج کی سرزمین کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ مٹیابرج کی سرزمین پر ان گنت ادیب، دانشور اور شعراء پیدا ہوئے جنہوں نے ملک و ملت کا نام روشن کیا اور اردو زبان کی خدمت کرکے اپنی اپنی الگ اور منفرد شناخت بنائی۔
مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے مسلم اکثریتی علاقہ مٹیابرج کے مشہور شاعر اور مصنف محمد صابر (صابر نظر، قلمی نام ) نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اردو زبان کی خدمات اور موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ریٹائرڈ ٹیچر، شاعر و مصنف محمد صابر نے کہا کہ ساحر لدھیانوی کو نئی نسل میں مقبول عام کرنا ہی ان کی زندگی کا اہم مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساحر لدھیانوی ایک روشن خیال شاعر تھے۔ جنہوں نے اپنی قلمی صلاحیت کی بدولت سماج کو بہت کچھ دینے کی کوشش کی اور وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب بھی ہوئے۔