کولکاتا: مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع خیرو لین مسجد کے امام و خطیب مولانا عصمت اللہ رحمانی نے والدین سے نئی نسل کو قرآن کریم سے جوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے اس حوالے سے دارالعلوم اسراریہ سنتوش پور کی کارکردگی قابل اطمینان ہے۔ اس موقع پر ایلیٹ روڈ ، داروغہ بستی مسجد کے خطیب مفسر قرآن مولانا عبد السبحان ندوی نے کہا کہ مسجد عبدالحمید پارک سرکس میں امام عیدین قاری فضل الرحمان کی صدارت اور ادارہ کے ذمہ دار مولانا ندیم ندوی کی سربراہی میں ہونے والے آل بنگال مسابقہ ٔ قرآن ِکریم میں اول پوزیشن حاصل کرنے والا طالب علم حافظ محمد سفیان بن مولانا غلام ربانی عمر کے لحاظ سے چھوٹا ہے لیکن اسے بہترین قرآن یاد ہے۔ مزید یہ کہ اس سے پہلے بھی اس مدرسہ کے طلبہ کولکاتا و بنگال اور آل انڈیا سطح کے کئی مسابقوں میں پوزیشن حاصل کرکے مدرسہ کا نام روشن کر چکے ہیں۔ یقیناَ اس کامیابی کے پیچھے فعال مہتمم مولانا نوشیر احمد اورباصلاحیت اساتذہ کی محنتیں ہیں۔
مولانا ندوی نے مزید کہا کہ مدرسہ ھٰذا کے بچوں کا قرآن سننے کے بعد یہ اندازہ ہوا کہ بچوں کو بہترین یاد داشت کے ساتھ بہت سی معلومات مثلاََ سورہ مکی ہے یا مدنی،رکوع،آیات ،تجوید ،مخارج اورقواعد وغیرہ تفصیلات کا بھی علم ہے ۔اس مدرسہ کے طلبہ کی کامیابی دراصل بزرگان دین کی خصوصی توجہات اورخاص کراس کے بانی وسرپرست اول حضرت مولانااسرارالحق قاسمی رحمہ کی دعاؤں کاثمرہ اورموجودہ سرپرست عالمی شہرت یافتہ قرآن کریم و فن تجوید کے ماہرحضرت قاری صدیق احمد فلاحی سانسروڈی کی توجہات و ہدایات کانتیجہ ہےـ