کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل نیو ٹاون میں جاری ساتویں بنگال گلوبل بزنس سمٹ میں مکیش امبانی نے کہا کہ ریلائنس بنگال کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ریلائنس نے اب تک بنگال میں تقریباً 45,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے ہم اگلے تین سالوں میں 20 ہزار کروڑ روپے کی اضافی سرمایہ کاری کریں گے۔
20 ہزار کروڑ روپے کی یہ سرمایہ کاری ٹیلی کام، ریٹیل اور بائیو انرجی کے شعبوں میں کی جائے گی۔ امبانی نے کہا کہ ہم 5G کو ریاست کے ہر کونے تک لے جا رہے ہیں، خاص کر دیہی بنگال کو جوڑا جا رہا ہے۔ ہم نے بنگال کے بیشتر حصوں کا احاطہ کیا ہے۔ جیو کا نیٹ ورک ریاست کی 98.8فیصد آبادی اور کولکتہ ٹیلی کام سرکل میں 100فیصد آبادی کا احاطہ کرتا ہے۔جیو کا مضبوط نیٹ ورک مغربی بنگال میں بڑے پیمانے پر روزگار کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور زراعت کو فروغ دے گا۔
ریلائنس ریٹیل اگلے دو سالوں میں مغربی بنگال میں تقریباً 200 نئے اسٹور کھولنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس وقت بنگال میں تقریباً 1000 ریلائنس اسٹور کام کر رہے ہیں جو بڑھ کر 1200 ہو جائیں گے۔ مکیش امبانی نے کہا کہ سینکڑوں چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجر اور بنگال کے تقریباً 5.5 لاکھ گروسری دکاندار ہمارے ریٹیل کاروبار سے وابستہ ہیں۔ نئے سٹورز کے کھلنے سے انہیں فائدہ ہو گا۔ بنگال کے بہت سے علاقائی برانڈز جیسے پربھوجی، مکھروچک، سٹی گولڈ، بسق فارم کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ریلائنس ریٹیل کے ذریعے ہم ان برانڈز کو پورے ملک میں لے جا رہے ہیں۔