ہوڑہ:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل ہوڑہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں نوپور شرما اور نوین جندل کے خلاف احتجاجی ریلی کے دوران پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعے کے بعد کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ ہوڑہ ضلع کے جگت بھلبھ پور اور پانچلا میں جھڑپوں کے بعد حالت کشیدہ ہے۔ مقامی باشندوں میں دہشت کا ماحول پایا جا رہا ہے۔ اسی درمیان بانکوڑہ ضلع کے وشنوپور سے بی جے پی کے رکن پارلیمان سمترا خان نے وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر تشدد زدہ ہوڑہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں مرکزی فورسز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔
بی جے پی کے رکن پارلیمان سمترا خان نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ہوڑہ ضلع تشدد اور بی جے پی کے پارٹی دفتروں میں توڑ پھوڑ کے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہے۔ ریاستی حکومت حالات پر قابو پانے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں مرکزی فورسز کی تعیناتی بے حد اہم ہے۔ مرکزی فورسز کی تعیناتی کے بغیر حالات قابو پایا نہیں جاسکتا ہے۔ غورطلب ہے کہ ہوڑہ ضلع پولیس انتظامیہ نے گرامین اور سٹی پولیس کے مختلف علاقوں میں لاء اینڈ آرڈر اور سیکیورٹی کے مدنظر 13 جون تک انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔