مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 کے بعد سے ہی دل بدل کا کھیل (ایک پارٹی سے دوسری پارٹی) میں آنے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسمبلی انتخابات سے پہلے جو لوگ ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے اب وہ دوبارہ اپنی سابقہ سیاسی جماعت کی جانب رخ کر رہے ہیں۔
اسی درمیان سابق بین الاقوامی فٹبالر اور موجودہ رکن پارلیمان پرسون بنرجی نے سابق وزیر راجیب بنرجی کو غدار کہتے ہوئے ان کی پارٹی میں دوبارہ واپسی کو نقصاندہ قرار دیا۔
ہوڑہ صدر سے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان پرسون بنرجی (سابق بین الاقوامی فٹبالر ) نے جلسے کو خطاب کرتے ہوئے نام لئے بغیر سابق وزیر راجیب بنرجی کو غدار کہہ کر پکارا۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ ہماری سیاسی جماعت کے لئے نقصاندہ ہیں جو کبھی حریف بی جے پی کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ان جیسے لوگوں کے پارٹی میں رہنے اور نہ رہنے سے کیا فائدہ۔
رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ عوام کو اچھی طرح سے معلوم ہے۔ کون پارٹی کے لئے وفادار ہے اور کون نہیں۔ وہ فیصلہ ضرور کریں گے۔
دوسری طرف ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش نےکہا کہ پرسون بنرجی جتنے اچھے فٹبالر تھے اس سے اچھے رکن پارلیمان ہیں۔ وہ جذباتی انسان ہیں۔ وہ ترنمول کانگریس کے اہم رکن بھی ہیں۔