عالیہ یونیورسٹی میں جاری مالی و انتظامی بحران اس وقت مسلم معاشرہ میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ ایم اے ایم ای ڈپارٹمنٹ اور یونیورسٹی انتظامیہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔
عالیہ یونیورسٹی کا فنڈ روکا نہیں گیا ہے بلکہ فنڈ واپس کیا گیا ہے: غلام ربانی ایک طرف یونیورسٹی انتظامیہ اور ٹیچرز ایسوسی ایشن یونیورسٹی کی موجودہ صورت حال کے لئے محکمہ اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم کو ذمہ دار ٹہرا رہی ہے تو دوسری جانب محکمہ اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم کا کہنا ہے کہ محکمہ کی طرف سے کوئی فنڈ نہیں روکا گیا ہے اور یونیورسٹی کے انتظامی امور کی ذمہ داری یونیورسٹی انتظامیہ کی ہے۔
اس پورے معاملے میں ای ٹی وی بھارت نے محکمہ اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم کے وزیر غلام ربانی سے ان کا موقف جاننے کی کوشش کی۔ انہوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ عالیہ یونیورسٹی کی موجودہ صورت حال کے متعلق ان کی یونیورسٹی کے وی سی سے بات ہوئی ہے انہوں نے اس سلسلے میں ایک یادداشت بھی دی ہے۔میں اس کو دیکھ رہا ہوں اس کے علاوہ عالیہ یونیورسٹی میں بدعنوانی کا جو معاملہ ہے اس کے لئے ایک جانچ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جانچ بہت شفافیت سے ہوگی اس میں کسی کو بلا وجہ پریشان نہیں کیا جائے گا۔ جو قصور وار پائے جائیں گے صرف ان کے خلاف ہی کارروائی کی جائے گی۔ یونیورسٹی میں جو بھی مسائل ہیں بجلی کے بل اور انٹرنیٹ کی سہولت کی تو ڈپارٹمنٹ یونیورسٹی کو فنڈ دیتی ہے اور یہ کام یونیورسٹی انتظامیہ کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا کوئی فنڈ نہیں روکا گیا ہے بلکہ یونیورسٹی نے فنڈ واپس کیا ہے۔ ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں بہت جلد اس کا حل نکال لیا جائے گا۔