کولکاتا کے ملی الامین کالج طالبات کا معاملہ ہنوز برقرار ہے۔ چھ روز گزر جانے کے بعد بھی ان کا معاملہ حل ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ کالج کی طالبات لگاتار احتجاج و مظاہرہ کر رہی ہیں۔
طالبات کی طرف سے حکومت سے اس معاملے میں ان کی مدد کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ داخلے کی آخری تاریخ گزر چکی ہے۔
فائنل ائیر کے امتحانات میں کامیاب طالبات کو مارکشیٹ نہیں مل پائی ہے۔ کالج کا انٹرنل امتحانات ہونے والے ہیں، لیکن کالج بند ہونے کی وجہ سے طالبات امتحانات کے لئے رجسٹریشن نہیں کرا پائی ہیں۔کچھ طالبات کے سپلیمنٹری امتحانات باقی ہیں۔
کالج بند ہے کالج میں فی الحال کوئی گورننگ باڈی نہیں ہے جو کالج کے انتظامی امور کو جاری رکھے کالج کی بانی کمیٹی اور ریاستی حکومت کے درمیان کالج کی گورننگ باڈی کی تشکیل کو لیکر تنازعہ ہے۔ لیکن اس کی وجہ سے طالبات کا مستقبل خطرے میں ہے۔
کالج کے گیٹ کے سامنے طالبات دھرنے پر بیٹھی ہوئی ہیں۔ طالبات کی تحریک کو آج چھ روز مکمل ہو چکے ہیں۔ دھرنے ہر بیٹھی طالبات کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں وہ کسی طرح کی سیاست اور کالج کے انتظامی امور سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔