مرکزی وزارت داخلہ نے چیف سیکریٹری اور مغربی بنگال کے ڈی جی پی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں بنگال میں سختی سے لاک ڈاؤن کو نافذ نہیں کیا جارہا ہے۔کچھ مقامات پر مذہبی تقریبات کے انعقاد کی اجازت دئے جانے کی خبر ہے۔اس کے علاوہ مرکزی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ سبزی مارکیٹ،مچھی اور مٹن مارکیٹ میں معاشرتی فاصلے کی پاسداری نہیں کی جارہی ہے اور لاک ڈاؤن کی کھلے عام دھجیاں اڑائی جارہی ہے۔
وزارت داخلہ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے ذریعہ موصول اطلاعات کے مطابق بنگال کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج کمی رپورٹ کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں میں غیر ضروری دوکانوں کو بھی کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
مرکزی وزارت داخلہ نے کلکتہ کے اقلیتی اکثریتی علاقے راجا بازار، نارکل ڈانگہ، توپسیا،مٹیا برج،گارڈن ریچ،اقبال پوراور مانک تلہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان علاقوں میں معاشرتی فاصلے کا خیال نہیں رکھا جارہا ہے۔خیال رہے کہ نارکل ڈانگہ علاقے میں کورونا وائرس کے کئی مریض رپورٹ کئے گئے ہیں۔